ڈرون حملوں پر چین اور او آئی سی، پاکستانی موقف کے حامی

0
8

Shafaqna

نیو یارک: اقوام متحدہ کیلئے پاکستان کی مستقل سفیر ملیحہ لودھی کا کہنا ہے کہ اسلامی ممالک کی تنظیم (او آئی سی) اور چین، اقوام متحدہ میں پاکستان کی جانب سے ڈرون حملوں کو روکے جانے کے حوالے سے موقف کی مکمل حمایت کرتے ہیں۔

پاکستانی نجی ٹی وی چینل جیو سے بات چیت کرتے ہوئے پاکستانی سفیر، جنھوں نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں ایسے حملوں کو فوری روکنے کا مطالبہ کیا ہے، کا کہنا تھا کہ پاکستان مذکورہ معاملے پر حمایت حاصل کرنے میں کامیاب ہوگیا ہے، او آئی سی، چین اور دیگر ممالک اس بات پر متفق ہیں کہ اقوام متحدہ انسانی حقوق کی ان رپورٹس کا نوٹس لے، جس میں بین الاقوامی برادری نے ڈرون حملوں کو روکنے کا مطالبہ کرتے ہوئے انھیں دہشت گردی اور انتہا پسندی میں اضافے کا باعث قرار دیا ہے۔21۔01 ڈرون 4 جولائی

ملیحہ لودھی کا کہنا تھا کہ ‘ہمارے پاس یہ موقع ہے کہ اقوام متحدہ 2006 کے عالمی انسداد دہشت گردی حکمت عملی کا جائزہ لینے والا ہے اور یہ جائزہ ایک قرارداد کے ذریعے سے لیا جائے گا، یہ ایک معیاری طریقہ ہے جس سے قانونی مطالبات کی توثیق کی جارہی ہے، میں اور میری ٹیم یومن رائٹس کونسل کی جانب سے ڈرون پر بنائی گئی رپورٹس کے مطابق اپنا موقف پیش کرے گی’۔

وائٹ ہاوس کی جانب سے ڈرون حملوں میں ہونے والی شہری ہلاکتوں کے حوالے سے ملیحہ لودھی نے کہا کہ اعداوشمار سے قطع نظر امریکا نے ڈرون حملوں میں شہرویوں کی ہلاکت کا اعتراف کیا ہے۔

پاکستان میں ڈرون حملوں کے ذریعے دہشت گردوں کی ہلاکت کے باوجود ان کی جانب سے ڈرون حملوں کی خاتمے کے مطالبے کہ سوال پر پاکستانی سفیر نے دعویٰ کیا کہ پاکستان نے متعدد دہشت گردوں کو گرفتار کیا اور ‘ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف سب سے بڑے آپریشن کا آغاز کیا جس میں 180,000 فوجی اہلکار حصہ لے رہے ہیں’۔

ملیحہ لودھی کا مزید کہنا تھا کہ ‘ہم یہ سب کررہے ہیں اور اگر کوئی ملک یہ سمجھتا ہے کہ کوئی شخص مجرم ہے اور اس نے تشدد کا راستہ اختیار کیا ہے تو پاکستان اس حوالے سے تعاون کرے گا، ہم اس حوالے سے دنیا کے متعدد ملک سے تعاون کررہےہیں، ہم اپنی بین الاقوامی ذمہ داریوں سے اچھی طرح واقف ہیں’۔

انھوں نے نجی ٹی وی کو دیئے گئے انٹرویو کے دوران ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ انھوں نے اس سے قبل اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں بھی اس مسئلے کے حوالے سے آواز اٹھائی تھی خاص طور پر 21 مئی کو پاکستان کے صوبہ بلوچستان میں ہونے والے ڈرون حملے میں افغان طالبان کے رہنما ملا منصور ہلاک ہوئے۔

خیال رہے کہ ملیحہ لودھی نے گذشتہ ہفتے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں خطاب کے دوران پاکستان میں ڈرون حملوں کو فوری روکنے اور اقوام متحدہ سے اسے “علاقائی سالمیت اور ریاستوں کی خود مختاری” کی سنگین خلاف ورزی قرار دینے کا مطالبہ کیا تھا۔